ونٹر، اسپرنگ، سمر اور فال (Winter, Spring, Summer, or Fall) اردو ریویو

Winter, Spring, Summer, or Fall کا پوسٹر؛ دو نوجوان خواتین کے چہروں کا کلوز اپ۔
وہ کس نے کہا تھا کہ،

ارمانوں کے اس گلشن میں تم آئے ہو ساون کی طرح
میرے یار بدل نہ جانا موسم کی طرح 🤔؟

پہلے لگا کہ یہ موسم نامی کوئی بھائی بندھو ہوگا لیکن بعد میں پتہ چلا کہ نہیں یہاں موسم بیچارہ تو "کہنا دھی نوں، سنانا نوہ نوں" والی صورت حال سے دو چار ہے۔ خیر یہاں بھی ہدایت کارہ ٹفنی پالسن نے موسموں کو بطور کردار استعمال کیا ہے، یعنی بہار میں خوشی، گرمی میں جوش، خزاں میں مایوسی، اور سردیوں میں جدائی۔

فلم "Winter, Spring, Summer, or Fall (2024)" جہاں جینا اورٹیگا اور پرسی ہائنس وائٹ چار موسموں میں محبت کی چائے بار بار گرم کرتے ہیں، مگر ہر بار آدھی پیالی پی کر رفو چکر۔ 😁

آپ لوگوں کو معلوم ہو گا کہ یہ دونوں پہلے بھی ایک ساتھ سکرین شیئر کر چکے ہیں، اور ان کی کیمسٹری وہی ہے جیسے پرانی ڈائری میں چھپا ہوا خط، جسے دوبارہ پڑھنے پر پرانی یادیں تازہ ہو جائیں۔ ان کی جوڑی کا جادو یہاں بھی چلتا ہے۔

تو GEN Z کی محبت کی کہانی کچھ یوں ہے کہ یہ دونوں نوجوان ایک دوسرے سے ملتے ہیں، پھر بچھڑتے ہیں، پھر ملتے ہیں، اور اس بار سوچتے ہیں کہ شاید "یہی آخری موسم ہے"۔ ایسے ہی جیسے سوشل میڈیا پر بلاک کرنا، پھر ان بلاک کرنا، "کیا وہ میری اسٹوری دیکھ رہا ہے؟" اور "سین کر کے جواب کیوں نہیں دیا؟" بس اب یہ آخری بار ہے، لیکن پھر ہوتے ہوتے پیار ہو ہی جاتا ہے۔ ان مناظر کو اور جذباتی بنانے کے لیے فلم میں اچھی خاصی موسیقی بھی ڈالی گئی ہے ، جیسے فل سردی میں کڑک چائے وہ بھی گڑ والی ۔

اب اداکاری کی بات کریں تو جینا اور پرسی نے "ہاں، نہیں، شاید" والے جذبات کو اتنی بار دہرایا ہے کہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ دونوں ایک جذباتی میراتھن میں حصہ لے رہے ہیں۔ کبھی محبت میں پاگل، کبھی ناراض، اور کبھی "چل میرا پتر چھٹی کر" والے جملے کے ساتھ دروازہ بند کر دینا۔ 🤣

مجموعی طور پر، "Winter, Spring, Summer, or Fall" ایک ایسی فلم ہے جو آپ کو یاد دلاتی ہے کہ موسم بدلتے ہیں، لوگ بدلتے ہیں، اور وقت کے ساتھ ساتھ رویے بھی۔ لیکن کہانی کے اچھے انجام کے لیے کوشش کرتے رہنا چاہیے ۔اگر آپ جینا اورٹیگا کے فین ہیں یا پھر محبت کے سرد و گرم مزے لینا چاہتے ہیں، تو یہ فلم آپ کے لیے ہے۔

مزید پڑھیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ads